وزن کم کرنے کے لئے ویٹ مینجمنٹ کی ایک مشہور اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کا مطلب ہے موزوں ورزش ، مناسب مقدار میں صحت بخش غذا ، پھلوں اور سبزیوں کا کثرت سے استعمال ، کم چکنائی والی اشیا اور مناسب نیند لے کر اپنا وزن اعتدال میں رکھنا ۔ اس سے مراد قطعی طورپر بھوکا رہنا نہیں ہے ۔ بہت دیر تک بھوکا رہنے سے جسم میں فولاد اور کیلشیم کی کمی ہونے لگتی ہے ۔ تحقیق یہ بات ثابت کرتی ہیں کہ نہ تو تمام ڈائٹ فوڈز وزن کم کرتے ہیں اور نہ ہی تمام چکنائی والی غذائیں ہمارے لئے نقصان دہ ہوتی ہیں ۔ معدنیات پروٹین کاربوہائیڈریٹ کے ساتھ ساتھ ہمارے جسم کو فیٹس کی بھی ضرورت ہوتی ہے ۔ بس ضروری بات یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہو کونسے فیٹس ہمارے لئے موزوں ہیں اور کون سے نہیں ۔ جیسے زیتون کا تیل یا میووں سے نکلا ہوا تیل نہ صرف ہمارے لیے صحت بخش ہے بلکہ یہ چکنائیاں وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہوتی ہیں ۔ وزن جتنی تیزی سے بڑھتا ہے اتنی تیزی سے کم نہیں ہوتا لہذا وزن کم کرنے کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ خود اعتمادی اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے ۔
وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد فوری نتائج نہ ملنے کی صورت میں بے جا پریشان ہو جاتے ہیں ۔ انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اگر وہ مناسب ورزش کے ساتھ مناسب غذا استعمال کر رہے ہیں تو وہ اپنے جسم کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں ۔ تحقیق یہ بات ثابت کرتی ہے کہ وزن کم کرنے میں کچھ دیگر عوامل جیسے کہ ذہنی دباؤ ، فکرمندی اور روزانہ کے سخت معمول سے چھٹکارا پانا بھی ضروری ہے ۔ کھانے کے متعلق یہ بات ذہن میں رکھیں کہ پروٹین اور دیگر ضروری اجزا کو کھانے میں اس لیے شامل نہ کرنا کہ ان سے وزن بڑھتا ہے غلط سوچ ہے ۔ پروٹین نہ ملنے کی صورت میں جگر کے افعال متاثر ہونے لگتے ہیں ۔ اسی طرح قدرتی مٹھاس جو
شہد اور پھلوں میں پائی جاتی ہیں وہ بھی صحت کے لیے بہت ضروری ہے البتہ تیل یا چکنائ کو کاربوہائیڈریٹس کے ساتھ ملا کر پکانے سے گریز کریں ۔ یہ مضر صحت اور وزن بڑھنے کا باعث ہو سکتا ہے ۔