خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت مفاد عامہ کے تحت دی گئی ہے، سعودی علماءبورڈ
ریاض.... سعودی سربرآوردہ علماءبورڈ نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے سے متعلق شاہی فرمان پر عملدرآمد کا خیر مقدم کردیا۔ علماءبورڈ نے واضح کیا کہ شاہی فرمان معاشرے کے ”یقینی مفاد“ کا ترجمان ہے۔ علماءبورڈ نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریرکیا ہے کہ سعودی قائدین نے مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کا فیصلہ بورڈ میں شامل علماءکی بھاری اکثریت کی رائے کے مطابق کیا ہے۔ اکثر علماءنے رائے دی تھی کہ خواتین بنیادی طور پر ڈرائیونگ کی مجاز ہیں۔ حکومت نے اسلامی اقدار کے تحفظ کے ضامن قوانین بنائے ہیں۔ سعودی عوام اپنے دین ، اپنی قیادت اور اپنے وطن کے وفادار تھے، ہیں اور رہیں گے۔ یہ انکا امتیازی وصف ہے۔ ممتاز علماءنے ڈرائیورمرد و خواتین کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ خواتین و حضرات سعودی قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی کریں، خدا ترسی سے کام لیں، سب کی سلامتی کا دھیان رکھیں،معاشرے کے غیر متزلزل اصولوں اور اقدار کا پاس کریں۔