انقرہ ۔۔۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے نئے نظام کے تحت ہونے والے صدارتی انتخاب میں دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔ رات گئے 94فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی۔ اردگان نے 53 فیصد سے زائد ووٹ لئے ۔ قریب ترین اپوزیشن امیدوار ریپبلکن پیپلز پارٹی کے محرم انسے نے 30فیصد ووٹ حاصل کئے ۔ صدارتی انتخاب کے علاوہ ترکی میں پارلیمانی انتخابات بھی ہوئے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ابھی تک صدر اردگان کی اے کے پارٹی 48 فیصد ووٹوں سے آگے ہے۔ ووٹنگ کا تناسب 87 فیصد رہا ۔اتوار کی صبح صدر اردگان نے ووٹ ڈالنے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اس مرتبہ ٹرن آؤٹ زیادہ رہا ہے۔ اس الیکشن کے ساتھ ترکی ایک جمہوری انقلاب سے گزر رہا ہے۔ اردگان چاہتے ہیں کہ ا نہیں50 فیصد سے زیادہ ووٹ ملیں تاکہ ووٹنگ دوسرے راؤنڈ میں نہ جائے۔ واضح رہے کہ انتخابات نومبر 2019 میں ہونے تھے۔ صدر اردگان نے قبل از وقت الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ۔ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ ہونے وا لے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میںطیب اردگان کے حریفوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔صدارتی انتخاب کے نتائج میں طیب اردگان کی جماعت نے 53فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے جبکہ پارلیمانی الیکشن میں حکمران اتحاد نے 54فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے ۔پارلیمانی الیکشن میں طیب اردگان کی جماعت نے اب تک 600 میں سے295 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ۔ اپوزیشن جماعت ریپبلکن پیپلز پارٹی نے 146نشستوں پر کامیابی سمیٹی ہے۔