Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کی ڈرائیونگ سے کیا کچھ فوائد ہونگے؟

 
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الاقتصادیہ“ کا اداریہ نذر قارئین 
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شاہی فرمان پر اس ہفتے خواتین نے ڈرائیونگ کا آغاز کردیا۔ فیصلے پر عمل درآمد سے قبل متعدد قانونی اور اقتصادی اقدامات کئے گئے۔قانون کے حوالے سے ٹریفک نظام کو نئی تبدیلی سے ہم آہنگ کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ انسداد چھیڑ خانی کا قانون جاری کیا گیا۔ انفارمیشن کرائم قانون لایا گیا۔ اس سے قبل میانہ روی ، اعتدال پسندی کے امور اور انتہا پسندی کے انسداد پر کافی محنت کی گئی۔بنیاد ی طور پر یہ سارے کام خواتین کی ڈرائیونگ سے متعلق نہیں تھے تاہم کسی نہ کسی شکل میں سماجی و اقتصادی تبدیلیوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
یہاں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے وطن عزیز کو کیا کچھ اقتصادی فوائد حاصل ہونگے؟اس سلسلے میں سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ سعودی عرب میں بے روزگاری کا مسئلہ عوام اور قیادت دونوں کیلئے چیلنج بنا ہوا ہے۔ قیادت کی کوشش ہے کہ بے روزگاری کی شرح گھٹا کر 7فیصد سے کم پر لائی جائے۔ یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔ خواتین میں بے روزگاری کی شرح مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ وزارت محنت، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں نے خواتین کو روزگارکے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں کافی کام کیا۔ سب سے بڑی مشکل یہ پیش آرہی تھی کہ خواتین محفوظ طریقے سے گھر سے دفتر اور وہاں سے گھر واپسی کے انتظامات کی بابت الجھاﺅ کا شکار تھیں۔ ٹرانسپورٹ کی لاگت کافی زیادہ تھی۔ حکومت نے خواتین کو ٹرانسپورٹ کے اخراجات پورے کرنے کیلئے خصوصی الاﺅنس سسٹم بھی شروع کیا۔مسئلہ پھر بھی اپنی جگہ اٹکا ہوا تھا۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے یہ ساری گتھیاں فطری شکل میں حل ہوجائیںگی۔
ڈرائیور کو باہر سے لانا پھر اسے ٹریننگ دینا اور مختلف لوازمات پورے کرنا اچھے خاصے بجٹ کا متقاضی تھا۔ ماہرین اقتصاد کا کہناہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے سعودی معیشت کو 25ارب ریال سے زیادہ کی بچت ہوگی۔ سعودی خاندان 1.39ملین غیر ملکی ڈرائیوروں کو سالانہ بھاری رقم تنخواہ کے طور پر ادا کررہے تھے۔ڈرائیونگ کی اجازت سے گاڑیوں کی مارکیٹ پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔ انشورنس کے شعبے کو بھی فائدہ ملے گا۔ تجارتی مراکز بھی فیض یاب ہونگے۔سرکاری ادارے بھی خواتین کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے آئندہ متعدد اہم اقدامات باآسانی کرسکیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 
 

شیئر: