’مجھے پوسٹر بوائے‘‘ بنایا گیا،وجے مالیہ کا الزام
نئی دہلی۔۔۔۔۔مشہور تاجراورمالی گھپلے کے الزام میں مطلوب بیرون ملک مفرور وجے مالیہ نے الزامات سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ان پر جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ بینک ڈیفالٹر کے ’’پوسٹر بوائے‘‘ کی شکل میں ان کی تشہیر کی گئی۔ مالیہ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بینکوں کا قرض ادا کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کی اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کو بھی خط تحریر کیا لیکن دونوں کی طرف سے آج تک کوئی جواب نہیں ملا۔وجے مالیا نے یہ باتیں اپنے ٹوئٹر پر 5صفحات پر مشتمل خط پوسٹ کر کے کہی ۔برطانیہ میں وجے مالیہ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر مالیات ارون جیٹلی کو 15 اپریل 2016 کو خط لکھا تھاجسےعام کر رہا ہوں۔ مالیہ کا کہنا ہے کہ ’’میرا نام آتے ہی لوگوں کی ناراضی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اوررہنماؤں نے الزام لگایا کہ وہ 9 ہزار کروڑ چرا کرفرار ہوگئےجب کہ یہ قرض کنگ فشر ائیر لائنز کو دیا گیا تھا۔قرض دینے والے بعض بینکوں نے بھی مجھ پردیوالیہ ہونے کالیبل لگا دیا۔مرکز کی مودی حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے مالیہ نے کہا کہ حکومت کے اشارے پر ہی سی بی آئی اور ای ڈی کی چارج شیٹ میں بے بنیاد الزام عائدکئے گئے ۔ ای ڈی میری اور میری فیملی کی 13900 کروڑ کی ملکیت ضبط کرنے کے درپے ہے ۔ واضح ہو کہ مالیہ اس وقت لندن میں ہیں اورمختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔ مرکزی حکومت بھی لگاتار یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ مالیہ کو ہندوستان لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔