پانی کے بغیر پاکستان کی بقا نہیں‘ کالا باغ ڈیم لازمی بننا ہے‘ چیف جسٹس
اسلام آباد: کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوئی جس میں تین رکنی بینچ کی سربراہی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کالا باغ ڈیم ہر صورت تعمیر ہونا ہے۔ سماعت کے دوران سابق چیئرمین واپڈا شمس الملک عدالت میں پیش ہوئے ار ڈیم کی تعمیر کے حق میں دلائل دیے۔واپڈا کے سابق چیئرمین نے عدالت کو بتایا کہ دنیا میں 46 ہزار ڈیم تعمیر ہو چکے ہیں۔ چین میں 22 ہزار ڈیم ہیں، اور ایک ڈیم سے 30 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت بھی 4500 ڈیم تعمیر کر چکا ہے جبکہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ ہونے سے ہمارا سالانہ 196 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ پانی کے بغیر پاکستان کی بقا ممکن نہیں، اگر ڈیم نہیں بنائے گئے تو 5 برس بعد پانی کی صورتحال کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز بننے سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہوگا، سوچ رہا ہوں عدالتی کام روک کر پانی کے مسئلے پر سیمینار کروائے جائیں۔ انہوں نے زو دیا کہ پاکستان کی بقا کے لیے پانی اشد ضروری ہے ۔