قمرالاسلام کے کمسن بیٹے نے انتخابی مہم شروع کردی
راولپنڈی...کرپشن الزام میں گرفتار ن لیگی امیدوار قمر الاسلام کے کم سن بیٹے نے والد کی انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ بھی جمع کرادیا۔گرفتار انجینئر قمر الاسلام کے 12 سالہ بیٹے سالار الاسلام، بیٹی اسوہ اور بھائی فیصل الاسلام کچہری پہنچے۔ سالار الاسلام نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 59 اور پی پی 10 سے والد کے ٹکٹ جمع کرائے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی سالار الاسلام کے ہمراہ تھی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سالار الاسلام نے کہا کہ میرے والد لاہور ٹکٹ وصول کرنے گئے تھے انہیں نیب نے اپنے دفتر بلا کر گرفتار کرلیا۔سالار الاسلام نے کہا کہ مجھے نوازشریف اور شہبازشریف نے پیغام بھجوایا ہے کہ اپنی مہم بھرپور انداز میں چلائیں اور کسی بھی رکاوٹ کو مدنظر نہ رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ والد کی گرفتاری انتقامی کارروائی اور الیکشن خراب کرنے کی کوشش ہے، اب والد کی انتخابی مہم خود چلاوں گا۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ چوہدری نثار کو میرا کوئی پیغام کو نہیں ۔دریں اثناء ن لیگ نے قمر الاسلام کی گرفتاری کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔ بدھ کو ن لیگ کے رہنما راجہ ظفر الحق اور زاہد حامد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں لیگی امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ شفاف انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔