ڈیرن سیمی کا اسٹیون اسمتھ سے اظہار یکجہتی
ٹورنٹو: ویسٹ انڈین ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈین لیگ میں اسٹیون اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ ٹورنٹو نیشنلز کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیون اسمتھ بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں پہلے ہی بھاری قیمت ادا کر چکے ہیں اس لئے اب یہ معاملہ پس پشت چلے جانا چاہئے ۔زلمی ہیرو اور ٹورنٹو نیشنلز کے کپتان نے مزید کہا کہ دیکھ رہاں ہوں کہ کچھ لوگ اب بھی اس اسکینڈل کے پیچھے پڑے ہیں لیکن میرے خیال میں ہمیں اب آگے بڑھنا چاہئے ۔غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کسی غلطی کرنے والے کو ہمیشہ کیلئے ہدف تنقید بنا لیا جائے ، اسے اپنی کوتاہی کی تلافی کا موقع بھی ملنا چاہئے۔سزا کا حق اپنی جگہ لیکن ہمیں معافی کے حق پر بھی عمل کرنا چاہئے ۔ یاد رہے کہ اس اسکینڈل کی وجہ سے پابندی کا شکار ہونے والے آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ ، ان کے سابق نائب ڈیوڈ وارنر اور بیٹسمین کیمرون بینکرافٹ بال ٹمپرنگ کیس میں معطلی کے بعد پہلی مرتبہ اس لیگ میں کرکٹ کی نمائندگی کررہے ہیں۔