نمک کو استری اور ریفریجریٹر کی صفائی
کیا آپ نمک کے حیرت انگیز استعمالات سے واقف ہیں اور کیا آپ جانتے ہیں کہ نمک کو استری کی سطح صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ بعض اوقات کپڑے استری کرتے ہوئے اس کا درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے کپڑے ساتھ چمٹ جاتے ہیں ۔ کپڑے تو خراب ہوتے ہی ہیں ساتھ ساتھ استری کی سطح بھی کھردری ہو جاتی ہے ۔ اس کو صاف کرنے کے لیے پہلے استری کو گرم کریں اور پھری کاغذ پر نمک چھڑک کر گرم کی استری کو اس نمک پر رگڑیں ۔ استری کی سطح پہلے کی طرح صاف شفاف ہو جائے گی ۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ نمک کو ریفریجریٹر کی صفائی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ فریج میں جم جانے والی برف کو اکھاڑنے میں اکثر یہ خدشہ رہتا ہے کہ کہیں نوکیلی چیز لگنے سے فریج خراب ہی نہ ہو جائے ۔ جب بھی فرج کو صاف کرنا مقصود ہو اسے بند کرکے بالکل خالی کرلیں ۔ اب ہلکے نیم گرم پانی میں نمک شامل کرکے کسی بھی اسفنج سے فریج کو اندر سے صاف کرلیں ۔