روبو شیف ، کچن کا پکا دوست
کیا آپ روبو شیف سے واقف ہیں ؟ یہ برطانیہ کی الیکٹرانکس کمپنی کی جانب سے تیار کیا گیا ایک ایسا ماہر روبوٹ ہے جو سینکڑوں اقسام کے کھانے تیار کرسکتا ہے ۔ خواتین ہوں یا مرد جب دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد گھر لوٹتے ہیں تو یہی خواہش کرتے ہیں کہ انھیں اچھا سا کھانا بغیر کسی محنت کے مل جائے ۔ خود کھانا بنانے کی مشقت سے بچنے کے لیے اکثر افراد باہر سے کھانا کھانے کو ترجیح دیتے ہیں جس سے جیب پر اضافی خرچ بھی پڑتا ہے اور صحت بھی متاثر ہوتی ہے ۔ برطانوی کمپنی کی جانب سے متعارف کروایا گیا روبو شیف نامی روبوٹ دس یا بارہ نہیں بلکہ سینکڑوں اقسام کے کھانے بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ کھانا بناتے ہوئے وہ تمام مصالحوں کے انتخاب اور مقدار سے پوری طرح واقف ہوتا ہے ۔ مصالحے ڈالنے کے بعد وہ اگلے لمحے یہ جانتا ہے کہ ان مصالحوں کو کس طرح مکس کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ آپ اس میں ٹائمر بھی لگا سکتے ہیں آپ کے گھر پہنچنے سے پہلے کھانا تیار ہوگا ۔ روبو شیف آپکے دیسی کھانوں کے ساتھ ساتھ فاسٹ فوڈ بھی تیار کر سکتا ہے ۔