Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی ، 20کروڑ کی گرانٹ روک لی

 
اسلام آبا: نگران حکومت نے ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا نوٹس لے لیا۔ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری آخری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں راونڈ لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میڈل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔پاکستانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بلند بانگ دعووں، بھاری معاوضوں پر غیر ملکی کوچز کا حصول اور 3،3کیمپ لگانے کے باوجود پاکستانی ٹیم اپنے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف ہند کے ہاتھوں بدترین شکست سے دوچار ہو ئی ۔جس کے بعد یہ سلسلہ آگے بڑھتا رہا اور اسے ہالینڈ، بیلجیئم اور آسٹریلیا سے بھی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے واحد کامیابی ارجنٹائن کے مقابلے میں حاصل کی ۔ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے ہاکی ٹیم کی خراب اور مایوس کن کارکردگی کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس بارے میں جواب طلبی کی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نگران حکومت نے ہاکی فیڈریشن کیلئے20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ روک لی ہے جس کی منظوری سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دی تھی۔دوسری جانب نگراں حکومت کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی ہوش آگیا ہے اور اس نے بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے جواب طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کی وطن واپسی کے بعد اس حوالے سے مزید کارروائی ہوگی اور کپتان کے علاوہ ٹیم انتظامیہ سے بھی رپورٹ طلب کی جائے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر نورخان کی تجویز پرشروع ہونے والی یہ چیمپیئنز ٹرافی 37ویں اورآخری مرتبہ کھیلی جا رہی ہے آئندہ اس کی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہاکی لیگ کے نام سے ہوگا۔

شیئر: