سفیر پاکستان غلام دستگیر کے ہاتھوں آم میلہ کا افتتاح،ہزاروں کویتی،عرب،ایشیائی اور پاکستانی باشندوں کی شرکت
محمد عرفان شفیق۔ کویت
سفارتخانہ پاکستان کی زیرسرپرستی اورپاکستان بزنس سینٹر کویت کے زیراہتمام جمعیۃ الزہراء میں پاکستانی مینگو فیسٹول 2018کا اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کویت میں چوتھے پاکستانی مینگوز فیسٹول کا افتتاح جمعیۃ الزہراء میں ہوا جس میں کویتی ،عرب ،پاکستانی اور ایشیائی باشندوں کی ریکارڈ تعداد شریک ہوئی۔ سفیر پاکستان غلام دستگیر نے جمعیۃ الزہراء کے جنرل منیجر عبدالرسول صرخو ،کویتی عمائدین، دوست ممالک کے سفیروں،سفارتکاروں ، گھانا کے سفیر ڈاکٹر شامر آلے اورانکی اہلیہ مریم آلے، سفیرکینیا علی عباس، سفیر بنگلہ دیش ابوکلام، سفیر تنزانیہ مہادی، جنوبی کوریا کے سفیر ہانگ یانگیکی جو حال ہی میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے کویت پہنچے تھے، انہوں نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ ردگر زیتل کونسلر و ڈپٹی ہیڈ آف مشن جرمنی، میانمار کے سفیر آئی خینگ، انکے علاوہ سعودی عرب کے مدیر المراسم ریاض بن داودالعون، شام کے سفارتکار رفعت ابراہیم اوردیگر نے حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کے ہمراہ تالیوں کی گونج میں فیتہ کاٹ کر مینگو فیسٹول کا افتتاح کیا۔پاکستان ٹیلی ویثرن کی اینکرو سینئر جرنلسٹ ڈاکٹر افشاں ملک خصوصی طور پرپاکستانی مینگو فیسٹول میں شرکت کیلئے پاکستان سے کویت پہنچی تھیں۔کویت کے قومی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان، پاکستانی سوشل و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان تقریب کی کوریج کیلئے موجود تھے ۔متعدد چینلز سے تقریب کی لائیو کوریج بھی کی گئی۔
حافظ محمد شبیر نے پاکستان بزنس سینٹر کی ٹیم کے ہمراہ سفیر پاکستان غلام دستگیر،کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید ،ہیڈ آف چانسری مرزا دانش ، عطاالرحمان سسٹم انچارج ایم آر پی اور دیگر افسران کا استقبال کیا۔ 12دوست ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں نے پاکستانی آم میلہ میں شرکت کی ۔پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھی میلہ میں شرکت کی ۔تمام شرکاء نے فیسٹول کی تاریخی کامیابی پر حافظ محمد شبیر کو مبارکباد پیش کی۔
شرکاء کی کثیر تعداد اور جمعیۃ الزہراء کی گنجائش کو مدنظر رکھے ہوئے سفیرپاکستان غلام دستگیر سے مشورہ کر کے افتتاحی تقریب کو دوحصوں میں تقسیم کر دیاتھا۔ پہلے حصہ میں کویتی و عرب بزنس مین اور عرب میڈیا کے ہمراہ فیتہ کاٹنے کی رسم ادا کی گئی جبکہ دوسرے حصہ میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ فیسٹیول کے افتتاح کی رسم انجام دی گئی۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوتھے پاکستانی مینگوز فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر حافظ محمد شبیرڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کویت اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔یہ ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ کویت میں بسنے والا ہر شخص جان گیا ہے کہ آموں کی سب سے بہترین ورائٹی پاکستان میں پائی جاتی ہے۔ لوگ ہائپر مارکٹس اورسپرمارکیٹس میں جا کر پاکستانی آم ہی طلب کرتے ہیں۔ اس طرح پاکستان کی کویت کیلئے برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ملک کو کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا۔
حافظ محمد شبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اور ہماری ٹیم کی کاوشوں کو قبولیت کا شرف بخشا۔فیسٹول کی کامیابی سفیر پاکستان اور سفارت خانہ پاکستان کی کامیابی ہے،یہ پوری کمیونٹی کی کامیابی ہے۔
محترمہ ڈاکٹر افشاںملک نے جو خصوصی طور مینگوز فیسٹول میں شرکت کیلئے پاکستان سے کویت آئی تھیں ، نے بھی حافظ محمد شبیرڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کویت اور ان کی ٹیم کو مینگوز فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مزید پڑھیں:- - - - - کینسر کے مریضوں کیلئے خدیجہ افتخار کی تڑپ معاشرے کیلئےسبق