ایک اور 7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل
فیصل آباد: مظفر کالونی میں 7 سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد فیصل آباد میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی مظفر کالونی میں 7 سالہ معصوم بچی زیادتی کے بعد قتل کردی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بچی کی لاش ملنے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی۔بعد ازاں بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج کے لیے مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور روڈ بلاک کردیا۔ ملزمان نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور بازار بند کرانا شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین نے ڈنڈے اٹھا رکھے تھے اور اپنے راستے میں آنے والے تمام بینرز اور پینا فلیکس پھاڑ ڈالے، مظاہرین نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی۔احتجاج میں شامل افراد نے چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی پولیس کے مطابق بچی کا والد اشرف بیرون ملک گیا ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے اغوا اور قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔