قرآن کی تلاوت سے ذہن کے دریچے کھلتے ہیں ، ماسٹر میر عفان
تلاوت کی برکت سے دنیوی علوم آسان لگتے ہیں ،احمد الدین اویسی نے دعائیں دیں
جدہ ( امین انصاری )بز م اتحاد مشرقی ریجن کے جنرل سیکریٹری میر انجم علی کے صاحبزادے میرعفان علی نے کمسنی میں ہی قرأت کلام پاک میں مہارت حاصل کرکے اپنی شخصیت کا لوہا منوالیا۔ میرعفان کو اللہ نے جو آواز دی ہے وہ یقینا رب کائنات کا تحفہ ہے ۔ انہوں نے اپنی آواز کو تفریحات میں استعمال کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے اس کلام کی تلاوت میں لگایا ہے جس کے پڑھنے سے درجات بلند ہوتے ہیں اور اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے ۔عفان جب تلاوت کرتے ہیں تو محفل میں سماں باندھ دیتے ہیں ۔ ماسٹر میر عفان کا کہنا ہے کہ میںکثرت سے تلاوت کرتا ہوں کیونکہ قرآن کی تلاوت سے لذت اور قلبی سکون میسر ہوتا ہے ۔ قرآن پڑھنے کے بعد دنیوی علوم مجھے بہت آسان لگتے ہیں ۔انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ قرآن کی تلاوت کثرت کریں اسکی برکت سے ذہن کے دریچے کھلیں گے اور دنیوی علوم میں بھی اللہ کی نصرت شامل حال ہوجائے گی ۔ صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی اور جنرل سیکریٹری بزم اتحاد جدہ یوسف الدین امجد نے عفان کے جذبے اور آواز کی تعریف کی اور کہا کہ کمسنی میں قرآن سے محبت قابل تحسین ہے ۔