کولمبیئن ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار خیر مقدم
بگوٹا: فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے اور ناک آوٹ راونڈ میں شکست کے بعد کولمبیا کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ۔بگوٹا آمد پر فٹبال ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئر پورٹ سے ٹیم کو جلوس کی شکل میں شہر کے مرکزی علاقے لے جایا گیا اس دوران سڑک کے دونوں طرف شائقین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے خوشی کے نعرے لگا کر میگا ایونٹ میں ٹیم کے کھیل کو سراہا۔کولمبیا کی ٹیم پہلے راونڈ کے دوران اپنے گروپ میں ٹاپ پر تھی لیکن پری کوارٹر فائنل میں اسے انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ناک آوٹ راونڈ کے اس میچ میں قسمت نے کولمبین ٹیم کا ساتھ نہیں دیا اور بعض فیصلے مبینہ طور پر کولمبیا کے خلاف گئے جن پر احتجاج بھی ہوا اور میچ کے دوبارہ انعقاد کیلئے ایک درخواست پر لاکھوں شائقین سے دستخط بھی کرائے جا چکے ہیں۔ ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر ڈیگو میرا ڈونا نے انگلینڈ کی فتح کو ”لمحاتی ڈکیتی“سے تعبیر کیا تھا ۔دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف پنالٹی ککس ضائع کرنے والے دونوں کولمبیئن کھلاڑیوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں بھی ملی ہیں۔