دیانتداری اور جرأت نے نوجوان کی تقدیر بدل دی
حیدرآباد....راتوں رات تقدیر بدل جانے کے ایک واقعہ میں 18 سالہ نوجوان میکینک کو نہ صرف لاکھوں روپئے انعام میں ملے بلکہ ٹاٹا کمپنی نے بہترین ملازمت بھی فراہم کی۔تفصیلات کے مطابق چنئی کے انانگر میں واقع ایک گیریج میں سوریہ کمار نامی نوجوان اے سی میکینک تھا۔ چند دن قبل اس نے ایک خاتون ڈاکٹر کے گلے سے طلائی زیورات چھین کر فرار ہونے والے 2چوروں کا تعاقب کرتے ہوئے سوریہ نے انھیں زد و کوب کرکے طلائی زیورات حاصل کرلئے اور ان زیورات کو متاثرہ ڈاکٹر کے حوالے کردیا جس پر اس خاتون ڈاکٹر نے اسے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا تھا ۔سوریہ کمار کی بہادری پر چنئی کے پولیس کمشنر نے اسے اپنے دفتر میں طلب کرتے ہوئے تہنیت پیش کی اور اس سے دریافت کیا کہ وہ کیا چاہتا ہے؟ نوجوان نے ملازمت کی خواہش ظاہر کی جس پر کمشنر نے ٹاٹا کمپنی میں اسے بہترین ملازمت فراہم کی۔چنئی روٹری کلب نے بھی سوریہ کمار کو اس کی بہادری پر 2لاکھ روپے کا انعام دیا۔اس طرح ایک چھوٹے سے گیریج میں معمولی نوکری کرنے والا سوریہ کمار کو ہزاروں روپے ماہانہ کی ملازمت مل گئی۔