تاجر کے قاتل پر بھیڑ کا حملہ، چھت سے نیچے پھینک دیا
نالندہ۔۔۔بہار کے ضلع نالندہ کے محل پور محلے میں بے قابو بھیڑ قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے قتل کے ملز م پر قہر بن کر ٹوٹ پڑی۔شہر میں تاجر کو قتل کرکے بھاگتے ہوئے ملزم کو بھیڑ نے دبوچ لیا اور اسے جم کر زدوکوب کیا بعد ازاں چھت سے نیچے پھینک دیا ۔ملزم لہولہان ہوگیا پھر اسے زندہ جلانے کی کوشش کی۔ واضح ہو کہ گزشتہ روز 4بدمعاشوں نے ایک تاجر کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔موقع پر موجود لوگوں نے ملزمان کا تعاقب کیا جن میں سے 3فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ چوتھا بھیڑ کے ہاتھ لگ گیا۔بھیڑ خود ہی اس معاملے میں انصاف کرنے پر آمادہ ہوگئی ۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم مشتعل ہجوم نے قاتل کو لاٹھی، ڈنڈوں اور لات گھونسوں سے حملہ کرکے موت کے دہانے پر پہنچادیا ۔ہجوم نے پولیس کی گاڑیاں بھی نذر آتش کردیں۔ پولیس کی متعدد ٹیمیں اور اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس نے 20حملہ آوروں کو گرفتار کرلیااور دیگر کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔3مفرور ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔