لائیو: پاکستان میں کام کرنے والے غیرملکی پائلٹس کے لائسنسز کی توثیق میں دو برس کی توسیع
یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
وفاقی حکومت نے پاکستان میں کام کرنے والے غیرملکی پائلٹس کے لائسنسز کی توثیق میں دو برس کی توسیع کر دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
بیان کے مطابق ’وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر پاکستان میں کام کرنے والے بیرون ممالک کے موجودہ 86 پائلٹس کے لائسنسز کی توثیق میں دو برس اور 2025 میں نئے پائلٹس کی شمولیت کی فارن ویلیڈیشن میں تین برس کی توسیع کی منظوری دے دی۔‘
’وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گذشتہ برسوں میں کورونا کی وبا اور پاکستانی پائلٹس پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی ائیرلائنز کو بیرون ملک سے پائلٹس کی خدمات حاصل کرنی پڑیں۔ کابینہ ڈویژن کی مذکورہ بالا سفارش پر مکمل قانونی کارروائی کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔‘
ورلڈ بینک اگلے 10 برسوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک اگلے 10 برسوں میں پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ بینک نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کا ایک فریم ورک طے کیا ہے جس کے تحت آئندہ 10 برسوں میں 20 ارب ڈالر کی مختلف شعبوں میں، جن میں موسماتی تبدیلیاں ہیں، سوشل سیکٹر ہے اور جو دوسرے شعبے ہیں، میں سرمایہ کاری ہو گی۔‘
’گو کہ یہ ایک قرض ہے لیکن آج ہمارے سوشل سیکٹر کو ہماری معیشت کو ورلڈ بینک یا اس طرح کے دوسرے عالمی اداروں سے تقویت ملتی ہے تو ہمیں اسے خوش آمدید کہنا چاہیے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل گوادر ایئرپورٹ کے آپریشنز کا باضابطہ آغاز ہوا ہے اور ہمارے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعلٰی بلوچستان اور گورنر بلوچستان کے ساتھ جا کر اس کا افتتاح کیا۔ یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور یہ چین کی 23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے مکمل ہوا۔ اور یہ پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس میں سے ایک ہے۔ اس سے آپ اندازہ کریں اگر یہ ایئرپورٹ کمرشل بنیادوں پر آپریٹ کرتا ہے تو گوادر، بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو کتنا فائدہ پہنچے گا۔
کچے کے ڈاکوؤں اور ہمارے میں بہت فرق ہے: علی امین گنڈاپور

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں اور ہمارے میں بہت فرق ہے۔ ہماری پولیس مقابلہ کر رہی ہے اور امن قائم کر رہی ہے۔
منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کو بہترین گاڑیاں دی جا رہی ہیں جو اس معیار کی ہوں گی جن میں وزرا گھومتے ہیں۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ’میں نے بحیثیت وزیراعلٰی سوچا کہ اگر وزیراعلٰی بلٹ پروف گاڑی میں پھرتا ہے تو وہ پولیس کے افسران جو مقابلہ کرتے ہیں ان کے پاس بھی ایسی ہی گاڑیاں ہونی چاہییں۔‘
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کا شدید احتجاج

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں جاری قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ہے۔
منگل کو اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی پہنچے تو اپوزیشن ارکان نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ جبکہ حکومتی ارکان وزیراعظم کی نشست کے گرد حصار بنا کر کھڑے ہو گئے۔
اپوزیشن کے شور شرابے کی وجہ سے سپیکر اور حکومتی ارکان نے ہیڈ فون لگا لیے۔
’اگر کمیٹی چلتے ہوئے کیسز واپس لینا شروع کر دے تو عدلیہ کی آزادی متاثر ہوگی‘
بشیر چوہدری، اردو نیوز

سپریم کورٹ میں ’بینچز کے اختیارات‘ سے متعلق کیس میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے عدالت کو بتایا کہ ’یہ کیس آئینی بینچ کا تھا، جو غلطی سے ریگولر بینچ میں شامل ہو گیا تھا۔‘
منگل کو جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
رجسٹرار کی وضاحت پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ’یہ کیس اگر آپ سے غلطی سے رہ گیا تو بینچ میں آنے کے بعد کمیٹی کا کام ختم ہونا چاہیے تھا، کیونکہ اگر کمیٹی چلتے ہوئے کیسز واپس لینا شروع کردے تو عدلیہ کی آزادی متاثر ہو گی۔‘
عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’کیا ایسا ممکن ہے کہ جہاں محسوس ہو کہ فیصلہ حکومت کے خلاف جا سکتا ہے، وہاں کیس ہی بینچ سے واپس لے لیا جائے؟‘
صدر ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہو گا۔
وزیر داخلہ نے واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال میں خصوصی عشائیہ کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے امریکی سینیٹرز، کانگریس ارکان اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر امریکی سینیٹرز و ممبرز کانگریس کو مبارک باد دی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج امریکہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔
ریکوڈک منصوبے سے 37 برسوں میں 74 ارب ڈالر کے فری کیش فلو کی توقع ہے: بیرک گولڈ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع ریکوڈک میں سونے اور تانبے کی کان آئندہ 37 برسوں میں کم از کم 74 ارب ڈالر کے فری کیش فلو کا ذریعہ ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کے سربراہ مارک برسٹو نے کہا ہے کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ 2029 تک مکمل ہو جائے گا اور اس دوران 2 لاکھ ٹن تانبے کی پیداوار متوقع ہے جس کی مجموعی لاگت 5.5 ارب ڈالر ہو گی۔
بیرک گولڈ کمپنی ریکوڈک منصوبے میں 50 فیصد حصے کی مالک ہے جبکہ بقیہ 50 فیصد حکومت پاکستان اور صوبہ بلوچستان کے درمیان مساوی بنیادوں پر تقسیم ہو گا۔
خلیل الرحمن قمر ہنی ٹریپ کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی

ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی ہو گئی ہے۔
منگل کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزمان نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد، خلاف ورزی پر سات سال تک قید کی سزا

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی پر سخت سزائیں ہوں گی۔
پنجاب اسمبلی نے پنجاب میں پتنگ بازی کی ممانعت کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور کر لیا ہے۔ نئے قانون کے بعد پنجاب میں پتنگ بازی ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی پر کم از کم تین سال سے سات سال تک قید کی سزا ہو گی۔ پتنگ بازی، تیاری، فروخت و نقل و حمل پر پانچ لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہو گا۔
پتنگ بازی میں ملوث بچے کو پہلی بار 50 ہزار جرمانہ جبکہ دوسری بار ایک لاکھ جرمانہ ہو گا۔