تیز رفتار کار بے قابو ہوکر گھر کی دیوار توڑ کر بیڈ روم میں داخل ہوگئی
نیو برگ ، وسکانسن .... یہاں رہنے والے معمر جوڑے کین اینٹ بنلین چند دنوں قبل اپنے گھر میں بیحد اطمینان سے سو رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہوا اوروہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک تیز رفتار کار نے گھر کی دیوار توڑ دی ہے بلکہ انکے بیڈ روم میں بھی گھس آیا تاہم خیر گزری کہ دونوں سلامت رہے۔ یہ حادثہ کسی 35سالہ الوارچرڈ نامی شخص نے کیا ہے جو پولیس کے مطابق نشے کا عادی ہے اور حشیش کا بے تحاشا استعمال کرتا ہے۔ زور دار دھماکے کی آواز سن کر پڑوسی بھی گھروں سے باہر آگئے اور اطلاع دیکر پولیس کو طلب کرلیا۔ پولیس کی آمد پر مبینہ ملزم الوا رچرڈ ڈرائیونگ سیٹ پر بے ہوش پڑا تھا۔ فوکس 6ٹی وی چینل نے حادثے کوانتہائی سنگین قرار دیا ہے اور عینی شاہدین و دیگر لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پولیس کا کہناہے کہ نشے کی وجہ سے ملزم ہوش و حواس میں نہیں تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ خاص قسم کی حشیش سی وی ڈی استعمال کرتا ہے جو خفیہ طور پر فلوریڈا سے منگوائی جاتی ہے۔ ڈرائیونگ سے چند گھنٹے قبل اس نے جی بھرکرحشیش کا استعمال کیا تھا۔ گاڑی سے بھی حشیش برآمد ہوئی ہے۔ اس پر سیکنڈ ڈگری لاپروائی کی دفعہ لگائی گئی ہے۔ جس میں نشے کے ساتھ تیز رفتاری کو بھی بڑا سبب قراردیا گیا ہے۔