’پاکستان میں بابر اعظم سے زیادہ مشہور تو وکرانت گپتا ہو گئے ہیں‘
جمعہ 28 فروری 2025 13:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وکرانت گپتا پاکستان کے خلاف تنقید کی وجہ سے مشہور ہیں (فوٹو: فیس بک)
انڈیا سے تعلق رکھنے والے مشہور سپورٹس جرنلسٹ اور یوٹیوبر وکرانت گپتا ان دنوں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
وکرانت گپتا جہاں لاہور اور کراچی میں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کو کور کر رہے ہیں وہیں وہ شہر کے چوکوں, چوراہوں اور شاہراہوں پر بھی دکھائی دیتے ہیں اور اپنے تجربات کو ویڈیوز کی صورت میں بھی شیئر کرتے ہیں۔
وکرانت گپتا ’انڈیا ٹو ڈے‘ گروپ کے ’سپورٹس تک‘ سے منسلک سپورٹس صحافی ہیں۔
اس دورے سے پہلے وہ اپنی ویڈیوز میں پاکستان پر کافی تنقید کرتے تھے اور اس حوالے سے مشہور بھی تھے۔
پاکستان آمد پر شہریوں نے وکرانت گپتا کا پرجوش استقبال کیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ ’پاکستان انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے محفوظ تو نہیں ہے ہاں البتہ وکرانت گپتا کے کسی سڑک کنارے شکر قندی کھانے کے لیے ضرور محفوظ ہے۔‘

ینگ گوئی نامی صارف نے لکھا ’وکرانت گپتا نے تو پاکستان میں سلیبرٹی سٹیٹس حاصل کر رہے ہیں۔‘

فرید خان نے لکھا ’وکرانت گپتا پاکستان میں بہت مشہور ہیں، دیکھیں ان کے مداح ان کا کس طرح سے استقبال کر رہے ہیں، اسی لیے پاکستان کو مہمان نواز ملک کہا جاتا ہے۔‘

قاسم حسین نے لکھا ’وکرانت گپتا چھا گیا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’پاکستان میں بابر اعظم سے زیادہ مشہور تو وکرانت گپتا ہیں۔‘

سئی تیجا نامی صارف نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے وکرانت گپتا کا انڈیا اور پاکستان میں رہنے کا موازنہ کیا۔

ابھیشیک نامی صارف نے بھی ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ’وکرانت گپتا کے پاکستانی فینز کی حالت۔‘

