Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں حاجی احسان دانش کے اعزاز میں تقریب

یوسف جٹ کی جانب سے منعقد ہ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ پارٹی ورکرز نے بھی شرکت کی
ذکاء اللہ محسن ۔۔۔ ریاض
سعودی عرب کیلئے مسلم لیگ ن کے نومنتخب صدر حاجی احسان دانش کے اعزاز میں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما یوسف جٹ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے علاوہ پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
    پروگرام میں تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ عبدالوحید نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول عابد شمعون چاند نے پڑھی جس کے بعد تقریب کے آرگنائزر یوسف جٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے کہ میرا ایک دیرینہ دوست ایک ورکر کی حیثیت سے کام کرتا رہا اور وہ اپنی انتھک محنت کے بل بوتے پر آج مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر پر منتخب ہوا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلم لیگ اپنے ورکرز کو نہ صرف عزت دیتی ہے بلکہ ان کو ایک مقام پر بھی لاکھڑا کرتی ہے۔حاجی احسان دانش سیاسی ورکر ہی نہیں سیاسی سمجھ بوجھ کے بھی مالک ہیں۔
     نومنتخب صدر حاجی احسان دانش کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ایک نظریاتی جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی جماعت بھی ہے۔ مسلم لیگ ن کا نظریہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنا کر اقتصادی اور دفاعی اعتبار سے بھی ملک کو مضبوط بنانا ہے اور اس حوالے سے جب بھی نوازشریف برسراقتدار آئے، انہوں نے ملکی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کیا اور ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔اگر گزشتہ  5 سال کی حکومتی کارکردگی پر نظر ڈالی جاے تو ملکی تاریخ میں اس سے بڑھ کر کبھی ترقی نہیں ہوئی۔
    مسلم لیگ ن کے ایگزیگٹیو ممبر سردار شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ بہ حیثیت ایک سیاسی اور مسلم لیگی ورکر میں ان نادیدہ قوتوں کو    جنہوں نے ہمارے قائد اور مسلم لیگ کے بیانیہ سے خائف ہو کر الیکشن کو مینوپلیٹ کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انکو اس پلیٹ فارم
 سے یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ انکا یہ غیر آئینی عمل پاکستان کو کمزور کرے گا۔ خدانخواستہ پاکستان اس طرح کے خلفشار اور تجربات  کا  مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمیں ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔70 سال سے جاری اس کھیل کو بند ہونا چاہئے جس نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا۔ مرضی کے رزلٹ لے کر اسمبلی کو کنٹرول کرنے کی خواہش کو ختم ہونا چاہئے۔  
    مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالروف اور جنرل سیکریٹری حافظ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ حاجی احسان دانش جیسی شخصیت حقیقی معنوں میں اس عہدے کے قابل ہے کیونکہ وہ عرصہ دراز سے مسلم لیگ کی سیاسی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی عرب میں تمام سیاسی حلقوں میں معروف بھی ہیں۔
    پیپلزپارٹی کے وسیم ساجد نے حاجی احسان دانش کو صدر منتخب ہونے کی مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اُس شخص کو سعودی عرب میں قیادت دی ہے جو سبھی کیلئے غیر متنازعہ شخصیت ہے۔ ان کی سادگی اور انکے اپنا پن کی بدولت سبھی لوگ ان کے دلدادہ ہیں۔
    پیپلزپارٹی کے ہی قاضی اسحاق میمن اور محمد اصغر قریشی کا کہنا تھا کہ حاجی احسان دانش اپنے اندر ایک پوری تحریک ہیں۔ انہوں نے سیاست کو نہ صرف سمجھا ہے بلکہ اپنے کردار کی بدولت اسے لوگوں میں بھی عام کیا اور سیاسی شعور بیدار کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔تقریب میں دیگر مقررین انجم ندیم مغل، میاں محسن نثار، سردار نصیر، سردار عبدالرزاق، راجہ ظہیر اور رانا خادم نے بھی خطاب کیا۔
    تقریب کے آخر میں قاضی اسحاق میمن کی جانب سے یوسف جٹ اور حاجی احسان دانش کو سندھی اجرک پہنائی گئی جبکہ فیصل علوی اور تحریک لبیک پاکستان کے اویس رضا عطاری کی جانب سے کتب کے تحائف دئیے گئے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض امتیاز احمد نے سرانجام دئیے۔

شیئر: