Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارتخانہ پاکستان تارکین وطن کی ہر طرح سے معاونت کر رہا ہے، خان ہشام بن صدیق

مسائل کے حل میں اوپی ایف سے مکمل تعاون کیا جائے گا، پاکستان انوسٹرفورم کی طرف سے منعقد عشائیہ میں سفیر پاکستان کا خطاب
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ مملکت سے مستقلاً واپسی کا سفر اختیار کرنے والے پاکستانی تارکین کی ان کے مسائل کے حل میں سفارتخانہ ہر طرح سے مدد کر رہا ہے اور وہ خود اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان امور کے حل میں تاخیر نہ ہو۔ وہ گزشتہ رات پاکستان انوسٹرفورم کی طرف سے تنظیم کے صدر خالد محمود راجہ کو او پی ایف کی گورننگ باڈی کی رکنیت ملنے پر ان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انوسٹرزفورم کے ارکان کے علاوہ سفارت خانہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیز عبدالشکور شیخ اورمحمود لطیف کی خدمات کو سراہا اور واضح کیا کہ دونوں اپنے ہموطن تارکین کے امور سے بخوبی آگاہ تھے اور ان کے حل کی ہر ممکن سعی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود تارکین وطن بچوں کے تعلیمی مسائل سے بخوبی واقف تھے اور ان کے مدراس کی اپنی عمارات کی تعمیر پر کام کر رہے تھے۔ خان ہشام بن صدیق نے انکشاف کیا کہ دمام میں عمارت حاصل کر لی گئی تھی بہت جلد اس کی منظوری کے بعد وہاں اے لیول کی کلاس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ تارکین وطن کے لئے خدمات میں توسیع کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ تقریباً 2ہفتوں میں کمیونٹی ویلفیئر ونگ سفارتخانے کے موبائل ایپ کا اجراءکر دے گا۔ جس سے سفارتخانہ تارکین کے مسائل سے بہتر طور پر آگاہی حاصل کر سکے گا۔ انہوں نے اوپی ایف کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب ہونے پر خالد محمود راجہ کو مبارکباد دی او رکہا کہ وہ او پی ایف پر لائحہ عمل کے لئے اہداف مقرر کریں اور ان کے حصول میں سفارتخانہ ہر طرح سے معاونت کرے گا۔ قبل ازیں اوپی ایف کی گورننگ باڈی کے سابق ارکان خالد محمود چوہدری اور محمد اصغر قریشی نے بھی خطاب کیا۔ اول الذکر نے ریاض میں پاکستانی طلباءکے تعلیمی امور پرروشنی ڈالی جبکہ موخر الذکر نے یہ شکوہ کیا کہ گورننگ باڈی کے ارکان کی اکثریت بیوروکریٹس پر مشتمل تھی او رتارکین وطن کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے اپنے مفادات کا زیادہ خیال رکھتی تھی۔ خالد محمود راجانے اپنے مختصر خطاب میں رکنیت کے لئے ان کا نام تجویز کرنے پر سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا اورفورم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنے ہموطن تارکین کے مسائل سے انہیں آگاہ کریں تا کہ گورننگ باڈی کی توجہ اس جانب دلائی جا سکے۔ تقریب کی نظامت انوسٹرز فورم کے جنرل سیکریٹری انجینیئر غلام صفدر نے کی جبکہ اس کے آغاز میں تلاوت قرآن کریم اور اختتام پر دعا انجینیئر رانا عبدالرﺅف نے کی۔
 

شیئر: