انتخابی میچ فکس ہے‘ سیلفی کی قیمت250ووٹ‘ فاروق ستار
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینیئررہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ انتخابات کا میچ پہلے سے ”فکس“ ہے اور اس کے نتائج تبدیل کئے جائیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے متحدہ رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن میں ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ کم ہوگا اور دھاندلی کرنا آسان ہوگی۔ بظاہر انتخابی میچ فکس ہوتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگ کم پیسوں پر الیکشن لڑتے ہیں۔ کراچی میں ضابطہ اخلاق کا سختی سے اطلاق ہو رہا ہے۔ پوسٹر اور بینرز اتارے جا رہے ہیں جبکہ دوسرے صوبوں میں انتخابی مہم پورے زور و شور سے جاری ہے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ پہلے ایک سیلفی کی قیمت 250 ووٹ تھی تاہم اب اس کی قیمت بڑھ چکی ہے۔ اب 250 ووٹ اور 5 درخت بھی لگانے پڑیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے شجرکاری کی اہمیت بھی بتائی۔