ہالینڈ کی فضائی کمپنی کا ایران کےلئے پروازیں روکنے کا اعلان
ایمسٹرڈیم.... ہالینڈ کی فضائی کمپنی کے ایل ایم نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ وہ ستمبر سے دارالحکومت ایمسٹرڈم سے تہران کے لیے اپنی پروازیں روکنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منفی اقتصادی توقعات کے پیشِ نظر کمپنی نے رواں برس 24 ستمبر سے تہران کے لیے اپنی پروازیں روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی نے اپنے فیصلے کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ ہالینڈ کی فضائی کمپنی نے 2013ء میں ایران کے لیے اپنی پروازیں روک دی تھیں۔ تاہم جوہری معاہدے پر دستخط کے بعد 2016ء میں ایک بار پھراس نے تہران کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔