Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونیسکو کے عالمی ورثے میں سعودی عرب کے مزید 6 تاریخی مقامات شامل

 الاحساء ..... سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے مشیر ڈاکٹر علی الغبان نے انکشاف کیا ہے کہ یونیسکو کے عالمی ورثے میں سعودی عرب کے مزید 6تاریخی مقامات کے اندراج کا پروگرام ہے۔ انکا تعلق عسیر ، الباحہ ، السلیل ،نجران ، حج شاہراہوں اور دومتہ الجندل سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 30عالمی ڈیلی گیشن تاریخی امور کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے ساتھ مل جل کر کام کررہے ہیں۔ ان میں سے 4ڈیلی گیشن مشرقی ریجن میں موجود ہیں۔ الغبان نے الاحساءنخلستان کو یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل کرنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے الاحساءکے تاریخی مقامات کی حفاظت کا مشن بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے دور میں شروع کردیا تھا۔ یہ بڑا اسٹراٹیجک فیصلہ تھا۔ طے کیاگیاتھا کہ پیٹرول فیکٹریاں نخلستان کے طبعی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے الاحساءکے نخلستان سے دور دراز مقامات پر قائم کی جائیں۔ الغبان نے توجہ دلائی کہ الاحساءمیں 12مزید ایسے مقامات ہیں جنہیں یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل کرایا جاسکے گا۔ انہوں نے واضح کیاکہ تاریخی ورثے کے تحفظ اور ترقیاتی عمل میں کوئی تضاد نہیں۔ ترقی تاریخی ورثے کے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے۔ الاحساءکے میئر عادل الملحم نے کہا کہ نخلستان کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں سے بچانے کیلئے قانون سازی بھی ضروری ہے۔ نخلستان کا رقبہ گزشتہ برسوں کے دوران ایک ہزار ہیکٹر تک پہنچ چکا ہے۔ یونیسکو میں سعودی سفیر ڈاکٹر البلوی نے کہا کہ الاحساء نخلستان کا عالمی ورثے میں اندراج مختلف حوالوں سے منفرد عمل ہے۔ سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ اتنے بڑے رقبے والا پہلا مقام ہے جسے یونیسکو کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
 
 

شیئر: