بینظیر بھٹو قتل کیس کا مبینہ ملزم جیل سے لاپتا
راولپنڈی: بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ملزم جیل سے پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم پیپلز پارٹی کی شہید رہنما بے نظیر بھٹو کے قتل کا مبینہ ملزم رفاقت حسین لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا ہے۔ ملزم کے والد نے عدالت عالیہ لاہور کے راولپنڈی بینچ میں درخواست جمع کرائی ہے کہ عدالت نے رفاقت کو بری کردیا تھا تاہم وہ ابھی تک جیل میں نظر بند تھا۔
مبینہ ملزم کے والد نے درخواست میں بتایا کہ جیل انتظامیہ نے ہمیں بلایا اور کہا کہ ہم نے ملزم کو رہا کردیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا جا رہا کہ ہمارا بیٹا کہاں ہے۔ دوسری جانب جیل حکام کا موقف ہے کہ ملزم رفاقت حسین کو رہا کردیا گیا تھا تاہم سی ٹی ڈی کے اہل کار اسے دوبارہ گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے اور آر پی او سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے ۔
واضح رہے کہ ملزم رفاقت حسین کو انسداد دہشت گردی عدالت نے اگست 2017ء میں بری کردیا تھا تاہم وہ اب تک نظر بند تھا۔