Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی شریف کے زائرین کیلئے 4 زمین دوز راستے تیار

 مدینہ منورہ ..... مدینہ منورہ کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کی سہولت اور سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے کے لیے 4انڈر پاس تیار کرلئے ۔ المدینہ اخبار کے مطابق مدینہ منورہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی کے زائرین کے لیے یہ نئی سہولت مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز کی مساعی کا نتیجہ ہے۔پیدل انڈر پاس نمبر 2 اور 3 کی لمبائی 125 میٹر ہے جن کے دونوں اطراف 4 الیکٹرک سیڑھیاں اور معذور افراد کے لیے آمد ورفت کے راستے بنائے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر سرنگوں کے اندر 12 برقی سیڑھیاں اور عام سیڑھیاں بھی تیار کی گئی ہیں جن سے گزر کر مسجد نبوی کی شمالی سمت تک بہ آسانی پہنچا جا سکتا ہے۔ ان پیدل راستوں کی تیاری سے جہاں زائرین کو مسجد نبوی تک براہ راست رسائی کی سہولت ملے گی وہیں مسجد کے گرد مرکزی مقام تک گاڑیوں کے رش سے بھی بچا جاسکے گا۔مسجد نبوی تک پیدل رسائی کے لیے تیار کردہ ان چاروں زمین دوز راستوں کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ سرنگوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایئرکنڈیشن کا بندوبست ہے۔ آگ لگنے کی صورت میں آگ بجھانے کے آلات، روشنی، ہدایات کے لیے بہترین ساو¿نڈ سسٹم، شہریوں کی محفوظ نقل وحرکت کے لیے مانیٹرنگ کیمرے اور جگہ جگہ شہریوں کی ضروری رہنمائی کے لیے اسکرینیں نصب ہیں۔یہ چاروں زمین دوز  راستےمسجد نبوی کے قریب واقع کالونیوں سے مربوط ہیں۔ السلام ٹنل مسجد نبوی کے جنوب مغرب میں، العوالی جنوب مشرق کی سمت او ر دو نئی سرنگیں مسجد کے شمالی مرکزی علاقے سے ملانے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔

شیئر: