نواز شریف کو جیل میں سہولیات کے لیے نگراں وزیرا عظم کو خط
اسلام آباد: نیب عدالت کی جانب سے سزا دیا جانے کے بعد اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سہولیات دینے کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نگراں حکومت کو ایک خط ارسال کیا ہے۔ شہبازشریف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے نام خط لکھے ہیں جس میں نوازشریف کو سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کو سابق وزیراعظم کے استحقاق کے مطابق سہولتیں دی جائیں، انہیں طبی معاینے اور ادویہ کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے ۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ میاں نوازشریف کو دل کا عارضہ ہے اس لیے ان کے ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معاینے کی اجازت دی جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا خط نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو پہنچا دیا گیا ہے ۔