شہباز سے ناراض نواز کی مریم کے داماد سے تنہائی میں ملاقات
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے جیل میں مریم نواز کے داماد راحیل منیر کے ساتھ چند منٹ کی علیحدہ ملاقات کی ہے۔ قبل ازیں نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز لاہور میں استقبال نہ ہونے پر شہبازشریف اور ان کی ٹیم سے ذہنی طور پر علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انتہائی معتبر ذرائع نے بتایاہے کہ نوازشریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اپنی پارٹی کے بااعتماد ساتھیوں خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال کے حالیہ کردار پر سوالیہ نشان لگایا ہے اور وہ امید رکھتے تھے کہ استقبال کے لیے وہ لاہور ایئرپورٹ ضرور پہنچیں گے تاہم اس موقع پر کوئی لیگی رہنما ان کے استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ نہ پہنچ سکا اور نہ ہی پاور شو دکھانے کے لیے اپنی قیادت کو قائل کرسکا۔ نواز شریف نے مریم نواز کے داماد راحیل منیر، چوہدری تنویر، خرم دستگیر، مشاہد اللہ و دیگر لوگوں ٹاسک دیا ہے کہ وہ روز مرہ کی اپ ڈیٹس سے متعلق بمعہ پروف آگاہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راحیل منیر کے ساتھ نوازشریف نے چند منٹ کی علاحدہ ملاقات بھی کی۔