یوپی: سرکاری ملازمین کے رہائش و شہری الاؤنس میں دگنا اضافہ
لکھنؤ۔۔۔۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیر صدارت لوک بھون میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں ریاستی کے سرکاری ملازمین کیلئے مکان کرایہ الاؤنس اور سی سی اے ( سٹی کمپنسنٹری الاؤنس) کی شرح میں دگنا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ مکان کرایہ الاؤنس کے سلسلے میں تنخواہ کمیٹی کی سفارشات کو محکمہ مالیات کی تجویز کے مطابق نافذ کرنے سے ریاستی ملازمین ، سرکاری، امداد یافتہ اساتذہ، تکنیکی تعلیمی اداروں کے اساتذہ ، غیر تدریسی ملازمین مستفید ہونگے۔ مقامی خود مختار اداروں اور عوامی زمرے کے ذیلی اداروں ، کارپوریشنوں کے اہلکار بھی مستفید ہونگے جن میں نظرثانی شدہ تنخواہ (میٹرکس )نافذ کیا گیا ہے۔اس فیصلے سے ریاست کے 52.8لاکھ ملازمین ،50.5لاکھ اساتذہ اور ایک لاکھ غیر تدریسی ملازمین سمیت کل2.15لاکھ ملازمین مستفید ہونگے۔ مکان کرایہ الاؤنس دگنا کئے جانے کے فیصلے سے ریاستی خزانے پر سالانہ 2223کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔واضح ہو کہ تنخواہ کمیٹی کی جانب سے ساتویں عرضداشت کے توسط سے مختلف قسم کے بھتوں اور سہولیات کے سلسلے میں سفارشات پیش کی گئی تھیں ۔ سفارشات کے مطابق سی سی اے منظور کئے جانے کیلئے شہروں کی زمرہ بندی حسب سابق رکھی گئی ہے۔2011کی مردم شماری کے مطابق جو شہر ایک لاکھ یا اس سے زیادہ آبادی پر مشتمل ہیں وہاں بھی سی سی اے کا نفاذہوگا۔ محکمہ مالیات کی تجویز کے مطابق سی سی اے سے متعلق سفارشات کے نفاذ سے سالانہ 175کروڑروپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔