ملک بھر میں گوردواروں اور مندروں کی سیکورٹی سخت
کراچی: ملک میں جاری سیاسی سرگرمیوں اور اس دوران امن و امان کے خدشات کے حوالے سے گوردواروں اور مندروں کی سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک میں امن وامان اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پرگوردواروں اورمندروں میں حفاظتی انتظامات مزید بہترکرنے کافیصلہ کیاگیا ہے ، جب کہ گوردواروں اورمندروں کے اطراف بنائی گئی تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم اورغیرمتعلقہ افرادکا داخلہ بھی بندکردیاگیا۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے ملک بھرمیں گوردواروں کے نگرانوں کومراسلہ جاری کیا ہے جس میں گوردواروں کے اطراف میں تجاوزات کوفوری ختم کرکے نگرانی کا عمل مزید موثر بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
چیئرمین کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گوردواروں اورمندروں کی سیکورٹی متروکہ وقف املاک بورڈ کی اولین ترجیح ہے ، نگرانوں کوکہا گیا ہے کہ کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کوگوردوارے اورمندرمیں داخل نہ ہونے دیا جائے ، یہاں عبادت اوروزٹ کے لیے آنے والے تمام افرادکا ریکارڈرکھا جائے اورکسی بھی شخص کوجامہ تلاشی اور اسکیننگ کے بغیرگوردوارے اورمندرمیں داخل نہ ہونے دیا جائے ۔