محمد حفیظ کاکیریئر خاتمے کی جانب رواں
بولاوائیو:سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میں بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکامی نے ان کا کیریئر بھی خاتمے کے خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔بولنگ ایکشن کلیئر ہونے پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے محمد حفیظ کو پاکستانی ٹیم میں واپس لانے کے مسئلے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور انضمام الحق کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ محمد حفیظ ٹیم کے ساتھ ہیں لیکن ہیڈ کوچ نے انہیں ابھی تک ون ڈے سیریز میں موقع نہیں دیا جبکہ سہ فریقی سیریز میں بھی وہ صرف2میچ کھیل سکے تھے ۔ ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد کپتان سرفراز نے کہا تھا کہ بقیہ میچوں میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا جو ابھی تک ون ڈے سیریز میںنہیں کھیل سکے ہیں اور ان کھلاڑیوں میں شامل محمد حفیظ اور محمد نواز چوتھے میچ کیلئے بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے اور وہی ٹیم برقرار رکھی گئی جس نے تیسرا میچ جیتا تھا۔ مصباح الحق اور یونس خان کے جانے کے بعد محمد حفیظ پاکستان کے سینیئر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں لیکن ان کا ستارہ گردش میںہے۔ عام تاثر یہی ہے کہ مکی آرتھر کے خیال میں ٹیم میں واپسی کے بعد محمد حفیظ توقعات پوری نہیں کرسکے۔ ٹیم ذرائع کا بھی یہی کہنا ہے کہ محمد حفیظ کوچ کے کسی پلان میں شامل نہیں ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق ، کوچ مکی آرتھر سے رابطے میں ہیں تاہم ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق بھی مکی آرتھر کو قائل نہیں کرسکے ہیں۔جمعرات کوپاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بھی شرکت نہیں کی۔ انہوںنے ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی کیونکہ انہیں بھی اندازہ تھا کہ کوچ انہیں چوتھے میچ میں بھی کھلانا نہیں چاہتے ۔ صورتحال دیکھتے ہوئے محمد حفیظ بھی گراونڈ میں الگ تھلگ دکھائی دیتے ہیں۔ میچوں کے دوران بھی کئی بار محمد حفیظ ڈریسنگ روم سے باہر اکیلے بیٹھے دکھائی دیتے رہے اور واضح ہو رہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے 50 ٹیسٹ، 200 ون ڈے اور83 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے سابق کپتان کا کیریئر شدید بحران سے دوچار ہے۔