Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی کیخلاف بیان کے الزام سے محمد حفیظ کلیئر

 

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے خلاف مبینہ بیان دینے کے معاملے میں کلیئر قرار دے دیاہے۔ بورڈ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے محمد حفیظ نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد آئی سی سی پر تنقید کرنا نہیں بلکہ انہوں نے تو بولنگ ایکشن ٹیسٹ کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی تھیں اور بدقسمتی سے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تھا۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے محمد حفیظ کو آئی سی سی کے خلاف بیان دینے پر شوکازتو دیا ہی تھا لیکن گزشتہ روز انہیں ذاتی طور پر بھی طلب کیا۔ آل راونڈر 3 رکنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف بیان کیا ۔ پی سی بی نے سابق کپتان کے متنازعہ انٹرویو پر ان کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کردیا۔ محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قوانین پر بات کی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا جبکہ اس حوالے سے انہیں طلب بھی کیا گیا تھا۔کمیٹی نے ان کی وضاحت قبول کرتے ہوئے اپنا موقف میڈیا کے سامنے بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں محمد حفیظ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرا مقصد آئی سی سی کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے قوانین کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں تھا۔اپنے انٹرویو میں کسی بھی کرکٹ بورڈ کا ذکر نہیں کیا، میرے بیان میں صرف بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی گئیں تاکہ کسی شک و شبے کی گنجائش نہ رہے۔ 

شیئر: