مکہ مکرمہ .... بنگالی عازم حج کے دل کا آپریشن کامیاب رہا ۔ شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس کی ٹیم نے عارضہ قلب میں مبتلا بنگالی عازم حج کی پلاسٹک سرجری کرنے کے بعد اسے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی خدمت پر مامور طبی یونٹ کو اطلاع ملی کہ ایک عازم حج کی طبیعت خراب ہے جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی مگر حالت بحال نہ ہو سکی ۔ اطلاع ملنے کے بعد ہلال الاحمر کے ہنگامی یونٹس فوری طور پر وہاں پہنچ گئے جنہو ںنے عازم حج کا معائنہ کیا تو معلو م ہوا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے ۔ طبی ٹیم نے بنگلہ دیشی عازم حج کو ہنگامی حالت میں استعمال کی جانے والی ادویات دیتے ہی اسے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ دل کا دورہ شریانوں کے سکڑنے کی وجہ سے پڑا ہے جس کے لئے فوری طور پر اینجو پلاسٹی کرنا پڑے گی ۔ ڈاکٹروں کی تجویز پر مریض نے رضامندی ظاہر کی جس کے بعد اسکا فوری آپریشن کر دیا گیا ۔ اسپتا ل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عازم حج کی حالت اب قدرے بہتر ہے۔