پاکستان کا زمبابوے کیخلاف آٹھواں کلین سوئپ
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
بلاوائیو:پاکستان نے ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 131رنز سے جیت کر زمبابوے کو کلین سوئپ پر مجبور کردیا۔گزشتہ 4 میچوں کے برعکس زمبابوے نے اچھی بیٹنگ کی اور 364کے جواب میں مقررہ 50اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 233رنز بنائے۔ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جارحانہ بیٹنگ سے 364 رنز پر بنالئے۔پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 110 رنز اور بابر اعظم نے 106 رنزناٹ آوٹ بنائے اور مین آف دی میچ رہے جبکہ فخر زمان نے 85 رنز بنائے۔شعیب ملک اور آصف علی 18، 18رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ فخر زمان کو ون ڈے میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے کیلئے 20 رنز درکار تھے۔ انھوں نے 18ویں میچ میں یہ ریکارڈ بھی قائم کر لیا۔سیریز کے 3میچوں میں ان کا کل اسکور 515رنز رہا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز کے پاس تھا جنھوں نے 21 اننگز میں 1000 رنز مکمل کئے تھے۔ ان کے علاوہ کیون پیٹرسن، جانتھن ٹروٹ، کوئنٹن ڈی کوک اور پاکستان کے بابر اعظم نے بھی 21 ، 21اننگز میں 1000رنز مکمل کر کے ان کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔فخر زمان کو سیریز میں عمدہ کارکردگی پر مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔فخر زمان اور ساتھی اوپنر امام الحق نے ایک بار پھر سنچری شراکت قائم کیا اور 168 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 85 رنز پر آوٹ ہو گئے۔ان کے بعد بابر اعظم اور امام الحق نے پرسکون انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔ امام الحق نے اپنے نویں میچ میں چوتھی سنچری ا سکور کر لی۔جواب میں زمبابوین بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے سامنے قدرے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ زمبابوے ک ی پہلی وکٹ 66 رنز پر گری جب کامن ہکاموے 36 رنز پر محمد نواز کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے دیا۔ ریان مورے 47 ، پیٹر مور 44، ہیملٹن ماساکڈزا اور تینسے 34، 34 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 50 اوورز کے اختتام پر زمبابوے کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنا سکی تا ہم یہ اسکور گزشتہ 4میچوں کی نسبت بہتر رہا۔ پاکستان نے فہیم اشرف، یاسر شاہ اور عثمان شنواری کی جگہ محمد نواز، حسن علی اور محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا۔میچ کے اختتامی لمحات میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد نے بھی بولنگ کرائی انہوں نے 2اوور میں 15رنز دیئے ۔ یہ آٹھواں موقع ہے جب پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ سے دوچار کیا ہے۔