ریاض :پاک ہاؤس میں میوزیکل نائٹ پروگرام
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
پاک ہاؤس میں ہندکے نامور گلوکار عبدالرحیم کی جانب سے میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانی اورہندوستانی مرد وخواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر انڈین میوزک کے علاوہ پاکستانی صوفیانہ کلام بھی پیش کیا گیا جس پر حاضرین خوب محظوظ ہوئے اور دل کھول کر گلوکاروں کو داد دی۔ میوزیکل نائٹ میں ایلکس، آصف، ابھے جویل، ارون، نجیب، سعد اور عمر کے علاوہ لینہ لورنس نے اپنی آواز کا خوب جادو جگایا۔عبدالرحیم نے جیسے ہی محمد رفیع ،کشور کمار اور مکیش جیسے نامور گلوکاروں کے گانے گانا شروع کیے تو پورے ہال پر سحر طاری کر دیا اور لوگوں نے پرانے گانوں کو خوب مزے سے سنا ۔اس کے علاوہ لینہ لورنس اور عبدالرحیم نے شوخ اور چنچل فلمی گانے گا کر لوگوں کو مسحور کر دیا جس پر پاکستانی اور ہندوستانی حاضرین نے ملکر ڈانس کیا۔ دیگر فنکاروں نے بھی شاندار پرفارمنس دی اور داد حاصل کی۔اس مو قع پر عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ریاض میں موسیقی کے جتنے دلدادہ ہندوستانی ہیں اتنے ہی پاکستانی بھی ہیں اور جب یہ دونوں ہمسایہ ملک ملکر بیٹھتے ہیں تو موسیقی میں نئی جان آجاتی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے لوگ موسیقی کو سمجھتے ہیں ۔