Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج مسلمانوں سے زیادہ گائے محفوظ ہے، اویسی

نئی دہلی۔۔۔۔راجستھان کے ضلع الور میں گائے اسمگلنگ کے الزام میں اکبرخان کے ہجومی قتل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے بی جے پی کی حکومتوں کو ہد ف بناتے ہوئے کہا کہ جس ریاست میں بی جے پی حکومت قائم ہے وہاں بھیڑ من مانی کررہی ہے ۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انہیں مودی حکومت کے وزیر اور بی جے پی رہنماؤں کی پشت پناہی حاصل ہے۔حیدرآبادکے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے جینت سنہا اور مہیش شرما کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سنہا نے موب لنچنگ کے ملزمان کا استقبال کیا اور مہیش شرما اخلاق کے قاتلوں کی حمایت میں کھڑے نظر آئے۔انہوں نے آر ایس ایس رہنما اندریش کمار کے بیان پر کہا کہ وہ کہتے ہیں ’’جب تک آپ گائے کھانا نہیںختم کرینگے لوگ مرتے رہیں گے‘‘اس قسم کے بیانات سے ظاہر ہے کہ ان کی شہ پر ہجومی قتل کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔اویسی نے کہا کہ ملک بھر میں مسلمانوں کیخلاف نفرت کا ماحول برپا کیا جارہا ہے۔ ملک کی بدنامی ہورہی ہے۔ بی جے پی حکومت سے اپیل کرتے ہیںکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فعال بنایا جائے۔آج ہندوستان میں مسلمانوں کو رائٹ ٹو لائف (جینے کا حق ) نہیںبلکہ گایوں کو ہے۔آپ اکبر خان کے قتل کے واقعہ میں ہی دیکھ لیں ۔پولیس نے پہلے گائے کو محفوظ مقام جبکہ بعد میں اکبر کواسپتال پہنچایا۔ اقتدار کے حصول کی خاطر ملک کو نفرت کی آگ میں دھکیلا جارہا ہے۔اسد اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم بہت کچھ کرسکتے ہیں ۔ وہ ایک مرتبہ کہہ دیں کہ اس طرح کی واردات پر لگام لگ جانی چاہئے تو وہ موب لنچنگ کی 99فیصد واردات رک جائیگی۔
مزید پڑھیں:- - - -مراٹھا ریزرویشن: مہاراشٹر میں ہڑتال اور مظاہرے، متعددٹرک نذر آتش

شیئر: