Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بزنس سنٹر کویت کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

محمد عرفان شفیق ۔ کویت
پاکستان بزنس سنٹر کویت کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جو انتہائی کامیاب رہا۔یہ کیمپ صرف پاکستانی کمیونٹی کیلئے مخصوص کیا گیا تھا ۔کیمپ کے لیے صبح 7:00 بجے کا وقت مختص کیا گیا تھا تاہم شرکاء بہت پہلے سے ہی کلینک میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔کیمپ میں نظم وضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی بدنظمی سے بچنے کیلئے شرکاء کو پہلے سے ہی آن لائن رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی تھی،اس کے باوجود متعدد پاکستانی کلینک پہنچ گئے۔
حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر پاکستان بزنس سنٹر وڈائیریکٹر پاکستان ٹوورازم برائے کویت نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ مجموعی طور پر4 فری میڈیکل کیمپس اسی جگہ پر لگائے جائیں گے جو ہر جمعہ کو منعقد ہونگے۔آخری کیمپ 10اگست کو لگایا جائے گا۔انہوں نے خواہشمند افراد کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان بزنس سنٹرکے واٹس ایپ نمبر 94027079 پرخود کو رجسٹرڈ کرا لیں اور نمبر حاصل کر لیں تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فری میڈیکل کیمپ میں بلڈ پریشر ہیپاٹائٹس،بلڈ شوگر اورکولیسٹرول کے فری ٹیسٹ کی سہولت موجود تھی۔اس کے علاوہ کولیسٹرول اور گردوں کے ٹیسٹ کی سہولت بھی موجود تھی۔
کیمپ میں شریک سید علی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے گردہ میں پتھری کی شکایت ہے جس کیلئے وہ یہاں آئے ہیں اور اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ حافظ محمد شبیر اور پاکستان بزنس سنٹر کی ٹیم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں یہ سہولت فراہم کی۔اکبر علی محمد کا تعلق اسکردو سے ہے ،وہ بھی کیمپ میں شریک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں شوگر ہے، وہ سینے میں درد محسوس کرتے ہیں،انہوں نے خود کوپہلے سے رجسٹرڈ کرایا تھا،وہ چیک اپ کرا چکے ہیں، لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے انتظار کر رہے ہیں۔ کیمپ میں شریک ایک پاکستانی خاتون عذرا امجد نے بتایا کہ انہیں کولیسٹرول کی شکایت تھی،یہاں آکر ٹیسٹ کرانے سے پتہ چلا کہ انہیں شوگر بھی ہے ۔کاش وہ پہلے سے ٹیسٹ کروا لیتی تو شوگر کو بروقت کنٹرول کرلیتی ۔ کیمپ میں شریک ایک اور خاتون آمنہ مجتبیٰ نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے،وہ کافی عرصہ سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں،وہ سرکاری اسپتال کے علاوہ پرائیویٹ کلینک سے بھی علاج کرا چکی ہیں،فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد پاکستانی کمیونٹی کیلئے بڑی خدمت ہے جہاں انہیں ایک پیسہ بھی خرچ کئے بغیر چیک اپ کی سہولتیں موجود ہیں۔اس موقع پر پاکستان بزنس سنٹر کی ٹیم کے ارکان راجہ ظفر سینئر منیجراور دیگر ٹیم بھی مریضوں کی رہنمائی کیلئے بڑے مستعد نظر آئے،  وہ پرچی کے حصول سے لے کر لیبارٹری ٹیسٹ تک ان کی رہنمائی کرتے رہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر لگائی جانے والی پوسٹ میں واٹس ایپ نمبر دیا گیا ہے اس پر اپنا نام اور ٹیلی فون نمبر درج کرا دیں۔ جو لوگ رجسٹرکرا لیں گے، وہ صبح سات بجے سے دوپہر دو تک آئیںاور پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر نمبر حاصل کرکے فری چیک اپ کی سہولتوں سے مستفید ہوں۔
 

شیئر: