سیلفی بنانے کا شوق جنون کی حدیں چھونے لگا
کیپ ٹاؤن .... سیلفی ایک ایسی بیماری ہے جسے روکنے کی جتنی کوشش کی جارہی ہے اتنی ہی اس بیماری کے پھلنے پھولنے کے امکانات بڑھ رہے ہیںاور اب یہ شوق جنون کی حدیں چھونے لگا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کیپ ٹائون کے رہنے والے 26سالہ گیرہارڈ کو طرح طرح کی سیلفی بنانے کا شوق رہا ہے۔ وہ بنیادی طور پر گائڈ ہے اور اسکی زندگی زیادہ تر جنگلات میں بسر ہوتی ہے۔ اسے مختلف زہریلے اور خطرناک سانپوں کو پکڑنے اور انہیں راستے سے ہٹانے کا اچھا خاصا تجربہ ہے اور وہ ایساکرتے ہوئے کوئی دستانہ بھی نہیں پہنتا ہے اور نہ ہی کوئی حفاظتی بندوبست کرتا ہے۔ اس بار اس نے جس زہریلے سانپ کی آنکھ میں جھانک کر تصویر اتارنے کی کوشش کی وہ افریقہ کے خطرناک ترین زہریلے سانپ بوم سلینگ ہے جس کے ڈسے ہوئے شخص کے خون کے خلیے چند سیکنڈز میں تباہ ہوجاتے ہیں جس کے بعدپیٹ میں خون کا رسائو شروع ہوجاتا ہے اور اعضاء جواب دینے لگتے ہیں۔ بہرحال ان تمام خطرات کے باوجود وہ اپنی عجیب و غریب سیلفی تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا۔