برمنگھم ٹیسٹ: ویرات کوہلی کی شاندار سنچری
برمنگھم:ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کی تن تنہا ، شاندار اور زبردست مزاحمت کی بدولت انگلینڈ کیخلاف برمنگھم میں کھیلے جارہے انگلینڈ کے ہزارویں ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں274 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ ایک موقع پر 182 رنز پر ہند کے 8 کھلاڑی آوٹ ہوچکے تھے ،ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ٹیم 200 رنز بھی نہیں بناسکے گی لیکن ویرات کوہلی نے انگلش بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مشکل حالات میں سنچری مکمل کرتے ہوئے 149 رنز کی اننگز کھیلی ۔ کوہلی آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہیں عادل راشد نے آوٹ کیا۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 9رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی ایلسٹر کک آوٹ ہوئے تھے انہیں ایشون نے صفر پر واپس بھیجا۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 13 رنز کی سبقت کی بدولت 22 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوسکی۔ انگلش ٹیم نے اپنے اسکور 285 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور صرف 2 رنز کے اضافے پر 287 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔ آخری کھلاڑی سام کیورن کو محمد شامی نے آوٹ کیا۔ انہوں نے 24 رنز بنائے۔ ہند وستان ٹیم نے اپنی اننگز شروع کی تو ان کی پہلی وکٹ 50 رنز پر گری جبکہ جلد ہی مزید 2 وکٹیں گرنے سے ٹیم دباو کا شکار نظر آئی۔ مرلی وجے 20 ، شیکھر دھون 26 اور لوکیش راہل 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 100 کے مجموعی اسکور پر اجنکیا رہانے 15 اور دنیش کارتھک بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ ہردک پانڈیا نے کچھ دیر مزاحمت کی اور 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ روی چندرن ایشون 10 اور ایشانت شرما 5 رنز بناسکے۔ اومیش یادو ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ تیسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے انگلینڈ کے سام کیورن کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے 74 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جیمز اینڈرسن، بین اسٹوکس اور عادل راشد نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔