اسپاٹ فکسنگ:ناصر جمشید نے بیان ریکارڈ کرا دیا
لاہور:پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ناصر جمشید نے اسکائپ کے ذریعے بیان ریکارڈ کرا دیا۔پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں ہی سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان،خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کو کیس کی ٹریبیونل میں سماعت کے بعد سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید کو تحقیقات میں عدم تعاون کی وجہ سے ایک سال کیلئے معطل کیا گیا تھا۔اوپنر کیخلاف فکسنگ الزامات کے تحت کیس کی سماعت جاری ہے۔ گزشتہ روز انھوں نے ٹریبونل کو بیان ریکارڈ کرا دیا۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ ناصر جمشید نے اسکائپ کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ اوپنر نے موقف اختیار کیاکہ ان کا کرکٹ بیٹس کی خرید وفروخت کا کاروبار ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں سے روابط تھے مگر اسپاٹ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں۔ تفضل رضوی نے بتایا کہ ناصر جمشید اپنے کاروبار سے متعلق کوئی دستاویز پیش نہیں کر سکے۔ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی ۔ اگلے مرحلے میں اوپنر کے وکیل حتمی دلائل دیں گے۔ دوسری جانب گزشتہ روز شاہ زیب حسن کے اپیل کیس کی بھی ایڈجوڈیکیٹر جسٹس (ر) حامد فاروق نے سماعت کی۔ پی سی بی نے مختلف شقوں کی خلاف ورزی پر اوپنر کی سزا ایک سال کے بجائے 3 سال کرنے کیلیے درخواست دائر کررکھی ہے، شاہ زیب حسن کی اپیل ہے کہ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا میں کمی کی جائے ۔ گزشتہ روز کی کارروائی کے بعد اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جسے ایڈجوڈیکیٹر 10 اگست کو سنائیں گے۔