صحیح فرما یا گڈ کری جی’’کہاں ہیں ملازمتیں‘؟، راہول
نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس صدر راہول گاندھی نے مرکزی وزیر نتن گڈ کری کے’’کہاں ہیں ملازمتیں‘‘والے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر شہری مودی حکومت سے یہی سوال کررہا ہے۔ گاندھی نے گڈ کری کے اس بیان پر ٹویٹر پر تحریر کیا ’’گڈ کری جی بہت اچھا سوال ہے، ہر ہندوستانی یہی سوال کررہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گڈ کری کے فوٹو کے ساتھ وہ خبر بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے ریزرویشن کا مطالبہ کرنیوالوں سے کہا کہ ریزرویشن تو مانگ رہے ہو لیکن ’’نوکریاں کہاں ہیں ؟‘‘ گڈ کری نے مہاراشٹر میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ ریزرویشن کے بعدملازمتیں مل ہی جائیں گی۔ اس کی گارنٹی نہیں ملازمت کے مواقع دن بہ دن کم ہوتے جارہے ہیں۔ کانگریس بھی مسلسل مودی حکومت پر الزام عائد کررہی ہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل بی جے پی نے ہر سال 2کروڑ افراد کو روزگار مہیا کرانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ آج تک وفا نہ ہوا۔