حالات پر گریہ بند کر کے اجتماعی تجارت پر توجہ دیں، ڈاکٹر سید علی محمود
جدہ ( امین انصاری )- - - - - جی 21 گروپ جدہ کا سہ ماہی اجلاس ڈاکٹر سید علی محمود کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ عثمان بن بن یسلم بن محفوظ اجلاس کے مہمان خصوصی تھے جبکہ محمد انور نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی ۔ گروپ کے فلیگ ہولڈر سید خواجہ وقار الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ گروپ کا ایجنڈا ہے کہ مسلمانوں کو تجارت سے منسلک کریں اور ان میں تجارتی شعور کو بیدا ر کرے۔ اعجاز احمد خان نے کہا کہ مملکت کے بدلتے ہوئے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ سرمایہ کاری کی طرف توجہ دیں ۔ گروپ کی شکل میں کوئی بھی کاروبار جسکا آپ کو تجربہ ہو اجتماعی طور پر ہم خیال ساتھیوں کو لیکر کریں ۔ یقینا اجتماعی کام میں برکت ہے یہ کام چاہے یہاں کریں یا پھر وطن عزیز انڈیا میں کریں ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ اتحاد میں برکت ہے ۔اگر ہم متحد ہوکر اجتماعی تجارت کرتے ہیں تو یقینا اللہ کی نصرت ہمارے ساتھ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ذہنوں کو صاف اور دلوں کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔ جو کام بھی کریں اخلاص اور نیک دلی کے ساتھ کریں ۔اپنے ساتھیوں پر شک اور شبہ کی کوئی گنجائش نہ رکھیں ۔فراخدلی کا مظاہرہ کریں یقینا تجارت کامیاب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کبھی ترقی نہیں کرسکتے جو حالات کا رونا روتے ہیں ۔ہمیں اللہ پر توکل کرکے میدان عمل اترنا ہوگا ۔انہوں کہا کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے ۔برسہا برس تک ہم نے روشنی میں سفر کیا ہے اگر اب کچھ اونچھ نیچ ہوتی ہے تو اس کا بھی مستقل مزاجی سے مقابلہ کریں ۔ انہوں نے وطن جانے والوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا کہ وہ وطن عزیز میں اپنے پیسوں کی حفاظت کریں ۔اجتماعی تجارت میں تھوڑا تھوڑا انوسٹ کریں اور پھر تجربہ حاصل ہونے کے بعد تنہا تجارت کرنے کا مصمم ارادہ کریں ۔ مہمان خصوصی عثمان بن یسلم بن محفوظ نے جی 21 گروپ جدہ کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ یقینا مسلمان تجارت میں بہت پیچھے ہیں ۔ ہمیں چاہئے کہ اس گروپ سے سبق حاصل کریں ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نیک تمنائیں بھی ادارے کو دیں ۔