عمران خان کی حلف برداری میں اپوزیشن بھی مدعو
اسلام آباد... ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام پارلیمانی لیڈرز کو دعوت دی جائے گی۔ اپوزیشن رہنماوں شہباز شریف ، بلاول بھٹو,خورشید شاہ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ پارلیمان کو مضبوط کرنے کے لئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اپوزیشن جو بھی ڈیمانڈ کرے گی اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ پارلیمان میں وزیراعظم خود سوالات کے جواب دیا کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب میں 180کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ وزیر اعظم کے انتخاب میں180 سے بھی زائد ووٹ حاصل کریں گے۔ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ تحریک انصاف کے پاس ہی رہے گا ۔ تحریک انصاف حکومت کا سب سے پہلا کام معیشت کی بہتری اور روزگار پیدا کرنا ہوگا۔ عمران خان کی پوری ٹیم کا فوکس اس وقت معیشت کی بہتری پر ہے ۔