Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آرٹ ویک ریاض‘ فنون کا شوق جگانے والا منفرد تجربہ

آرٹسٹ نے روایتی حدود سے ہٹ کر تجرباتی فن پارے پیش کیے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں13  اپریل تک جاری رہنے والے ’آرٹ ویک ریاض‘ میں خصوصی نمائش کا مقصد سعودی دارالحکومت کے عین وسط میں آرٹ  کلیکشن کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کی ماہر فنان سارہ العرفی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے اس منفرد ایونٹ میں مقامی آرٹ کلیکشن کا تجربہ اس مہم کا محور تصور کیا جا رہا ہے۔
سارہ العرفی نے سوئٹزرلینڈ سے ویژیول آرٹ میں بیچلر اور اٹلی سے کیوریٹوریل مینجمنٹ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے اور جدید فن اور فیشن کے میدان میں ان کی انفرادیت نمایاں ہے۔
نمائش پیش کرنے والی آرٹ کنسلٹنسی کمپنی نہ صرف اس طرح کی نمائشوں کا اہتمام کرتی ہے بلکہ مقامی فنکاروں کی سرپرستی کے لیے آن لائن پلیٹ فارم بھی مہیا کرتی ہے۔
سارہ العرفی نے بتایا ’ ہم نوجوان نسل میں فن کلیکشن  کے رجحان کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اس نمائش کا مقصد آرٹ کلیکشن کو ایک بار پھر دلکش اور دلچسپ بنانا ہے۔

نمائش میں120 سے زائد فنکاروں نے شرکت کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

نمائش میں رکھے گئے فن پارے دستخط شدہ نہیں اور نہ ہی ان کے عنوان ہیں، یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ ناظرین بلاتعصب اس آرٹ کلیکشن کو پسند کریں۔
نمائش میں شامل فنکاروں سے کہا گیا ہے مقامی فریمرز اور پرنٹرز کی خدمات کے ساتھ روایتی انداز سے ہٹ کر کچھ منفرد کریں۔
نمائش میں120 سے زائد فنکاروں نے شرکت کی ہے کچھ نے خاص طور پر نئی تخلیقات رکھی ہیں اور دیگر آرٹسٹ نے روایتی حدود سے ہٹ کر تجرباتی فن پارے پیش کیے ہیں۔

فن پارے کی قیمت کا فنکار کی شہرت سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز

سارہ العرفی نے بتایا ’ہمارے یہاں سب سے کم عمر فنکار صرف 13 سال کا ہے‘ اس کے علاوہ معروف، مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی فنکار کے فن پارے ہیں، کون سا شاہکار کس آرٹسٹ کا ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کی فروخت 12 سے 13 اپریل تک ہوگی، قیمتیں133 ڈالر سے 2130 ڈالر کے درمیان ہوں گی جو موقع پر ظاہر کی جائیں گی۔

نمائش پیش کرنے والی آرٹ کمپنی مقامی فنکاروں کی سرپرستی کرتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

فن پارے کی قیمت کا فنکار کی شہرت سے کوئی تعلق نہیں ہو گا اور آرٹسٹ کا نام خریداری کے بعد معلوم ہوگا۔
ریاض کے علاقے جیکس میں فن پاروں کی نمائش جاری ہے جہاں زائرین خریداری سے قبل تخلیقی مواد کو قریب سے دیکھ اور محسوس کر سکتے ہیں۔
 

 

شیئر: