Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کیلئے آنے والے نفرت انگیزی اور نعرے بازی نہ کریں، سعودی علماء

مکہ مکرمہ .... سعودی سربرآوردہ علماءبورڈ نے حج پر ارض مقدس آنے والے فرزندان و بنات اسلام سے کہا ہے کہ وہ نفرت انگیزی ، عداوت برپا کرنے والی بیان بازی اور سیاسی نعرے بازی سے دور رہیں۔ حج کے دوران حج مقامات پر ہر طرح کی برائی اور گناہ کے کاموں سے مکمل پرہیز کریں۔ حاجی بھائیوں کے درمیان نفرت اورعداوت بھڑکانے والے ہر عمل اور ہر دعوے سے اجتناب برتیں۔ علماءبورڈ نے اتوار کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن پاک میں حج کے دوران ہر طرح کی بدکلامی، بدزبانی ، لڑائی جھگڑے اور گندی حرکتوں سے منع کیا ہے۔ سعودی علماءنے حجاج کرام سے کہا کہ وہ اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کے دوران صرف اور صرف اچھی باتیں کہیں، اچھے کام کریں ، کارخیر میں تعاون کریں ، تفرقہ و انتشار پھیلانے والی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ سعودی علماءنے حج پر آنے والوں کو پانچویں رکن کی ادائیگی کی توفیق ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے حج پر پہنچے ہیں۔ آپ یہ رکن ٹھیک اسی طرح سے ادا کریں کہ جس طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ادا کیا تھا۔ پیغمبر اسلام نے حج کے موقع پر تمام صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو توحید خالص کا درس دیا تھا۔ دعاﺅں ، نمازوں، طواف ، سعی اور ہر عبادت میں صرف اور صرف اللہ کی رضا کو مدنظر رکھنے کا سبق سکھایا تھا۔ علما ءنے توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ نے حجاج کو زاد راہ کے طور پر خدا ترسی اختیار کرنے کاحکم دیا تھا۔ خدا ترسی یہ ہے کہ حاجی ہر عمل میں اخلاص سے کام لے اور ایسا کوئی کام نہ کرے جس سے اللہ ناراض ہوتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی حاجی کو حج کے حوالے سے کسی عمل کی بابت کوئی شبہ ہو تو وہ علماءسے رجوع کرے۔
 

شیئر: