کویت میں جشن آزادی کی مناسبت سے مفت طبی کیمپ کا قیام
پاکستان بزنس سنٹر کویت اور بدر السماء میڈیکل سنٹرکے اشتراک سے کیمپ منعقد کیا گیا۔
(محمد عرفان شفیق۔ کویت) پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کی مناسبت سے کویت میں پاکستان بزنس سنٹر کویت اور بدر السماء میڈیکل سنٹرکے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کیمپ میں بنیادی ٹسٹ کی سہولیات مفت فراہم کی گئی تھی۔ کیمپ میں پاکستانی کمیونٹی کے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور فیملیز نے شرکت کی اور میڈیکل ٹسٹ کی سہولیات سے مستفید ہوئے۔ کیمپ کے شرکا ء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ میڈیکل کیمپ کو مستقل بنیادوں پر ہونا چاہیے اور دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں نے کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ کے انعقاد کو کمیونٹی کی بہترین خدمت قرار دیا۔ فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پرپاکستانی کمیونٹی نے پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر اور بدر السماء میڈیکل سنٹر کی انتظامیہ کی کاوشوں کی سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر نے میڈیا نمائندگان کی تعریف کی اور کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی میڈیا ملک پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کر رہا ہے اور میڈیا کا کردار قابل قدر ہے۔بدر السماء میڈیکل سنٹر کی انتظامیہ نے مسقبل میں بھی اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ پاکستانیوں کے لیے صحت عامہ سے متعلق سیمینارز کا بھی اہتمام کریں گے تاکہ دیار غیر میں رہتے ہوئے مختلف بیماریوں سے بچا جا سکے اور انکے بارے میں آگاہی پیدا ہو۔