ٹڈوں سے بنائی گئی براؤنی’’ سپر فوڈ‘‘ قرار دیدی گئی
لندن .... برطانوی اور بعض یورپی ممالک کے ماہرین تغذیہ نے ایک نئی ڈش کی تعریف کی ہے جس میں ٹڈوں او ر بالخصوص ان کے انڈوں سے تیار کی گئی برائونی کو سپر فوڈ قرار دیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس میں پروٹین اور وٹامن کے علاوہ اہم دھاتوں کی بھی بہتات ہوتی ہے۔ ٹڈے وغیرہ پالنے کیلئے کمبریا میں ایک فارم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے تقریباً ڈھائی لاکھ خشک شدہ ٹڈے ہر وقت ہوٹلوں اور ریستورانوں کو سپلائی کئے جاتے ہیں اور جنہیں لوگ بیحدشوق سے کھاتے ہیں۔ اسے کھانے والوں کا کہناہے کہ اس برائونی میں ڈارک چاکلیٹ کی لذت ہوتی ہے جبکہ اسکا بالائی حصہ خستہ ہوتا ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ اس طرح جو برائونی تیار ہوتی ہے وہ عام طور پر دستیاب برائونی سے زیادہ لذیذ اور قوت بخش ہے۔ یہی وہ افادیت ہے جسکی وجہ سے بڑے بڑے شاپنگ ادارے ان ٹڈوں کو خشک کرکے پیسنے کے بعد ان کا آٹا دکانوں پر سپلائی کررہے ہیں جہاں انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا جارہا ہے۔ ایمزن اور اوکاڈو والو ںنے ٹڈوں کوپیس کر بنائے گئے آٹے کو برانڈ بھی کردیا ہے۔ کمبریا فارم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں تقریباً2ارب افراد جن میں سے بیشتر کا تعلق ایشیا اور جنوبی افریقہ سے ہے بہت زمانے سے ہی کیڑے مکوڑے کھاتے رہے ہیں انہیں یہ نئی ڈش یقینی طور پر بیحد پسند آئیگی۔