فیفا رینکنگ: فرانس نمبر ون ، جرمنی ، ارجنٹائن ٹاپ 10 سے باہر
پیرس:فیفا رینکنگ میں ورلڈ کپ کا فاتح فرانس نمبر ون پر آ گیا ۔روس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں ناقص کارکردگی پر جرمنی اور ارجنٹائن ٹاپ 10 سے باہر ہو گئی ہیں۔فیفا ورلڈ کپ 2018 میں دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے شرکت کرنے والی جرمن ٹیم ناک آوٹ راونڈ میں رسائی حاصل نہیں کر پائی تھی۔جرمنی 14 درجے تنزلی کے ساتھ 15 ویں نمبر پر آ گیا ہے، ارجنٹائن کی ٹیم بھی تنزلی کے ساتھ 11ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ٹاپ 5 ٹیموں میں بالترتیب ورلڈ چیمپیئن فرانس، بیلجیم، برازیل، ورلڈ کپ کی رنر اپ کروشیا اور یوراگوئے شامل ہیں۔ سیمی فائنل میں رسائی پانے والی انگلش ٹیم چھٹے نمبر پر آ گئی ہے۔پرتگال 7ویں، سوئٹزر لینڈ 8ویں، ا سپین 9ویں اور ڈنمارک 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے روس کی ٹیم 21 درجے ترقی کے ساتھ 49 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ گروپ اسٹیج میں باہر ہونے والی مصری ٹیم 20 درجے تنزلی کے ساتھ 65 ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔