واشنگٹن۔۔۔جنوبی امریکا کے فضائی حکام کو متعدد طیاروں میں بم کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے نتیجے میں پیرو میں آنے والی پرواز کو ہنگامی طور پر لینڈ کروادیا گیا جبکہ 2 پروازوں کو ہنگامی طور پر واپس چلی ایئرپورٹ کی جانب بھیج دیا گیا۔حکام کے مطابق غلط اطلاعات کے باعث مجموعی طور پر 9 پروازیں متاثر ہوئیں۔جنوبی امریکا کی سب سے بڑی ایئرلائن ’’لاتم‘‘ کی پرواز مسافروں کو پیرو کے دارالحکومت لیما سے چلی کے شہر سانتیاگیو لارہی تھی جسے بم کی اطلاعات کے بعد ہنگامی طور پر پیرو کے جنوبی شہر پسکو میں بحفاظت اتارا گیا۔چلی سول ایوی ایشن کے مطابق 3 طیاروں کا اچھی طرح معائنہ کیا گیا تاہم جہازوں میں کوئی دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا جبکہ دھمکیوں کے بارے میں فوری طور پر کسی تفصیلات سے بھی آگاہ نہیں کیا گیا تاہم یہ صرف یہ بتایا گیا کہ دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئی تھیں۔